(لاہور نیوز) گاڑیوں کے من پسند نمبروں کے حصول کیلئے اکتوبر کے ای آکشن کی رجسٹریشن کا آغاز کر دیا گیا۔
شہری ای آکشن ایپ اور ویب پورٹل کے ذریعے گھر بیٹھے آن لائن رجسٹریشن کرا سکتے ہیں، ای آکشن میں موٹرسائیکل، موٹرکار اور کمرشل گاڑیوں کے پسندیدہ اور پرکشش نمبرز شامل کئے گئے ہیں، شہری گاڑیوں کے من پسند نمبروں کی نیلامی میں آن لائن حصہ لے سکیں گے۔
چیئرمین پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ (PITB) فیصل یوسف نے کہا کہ ای آکشن کے ذریعے گاڑیوں کے پرکشش نمبروں کا حصول مزید آسان ہو گیا ہے، ای آکشن PITB اور پنجاب ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ڈیپارٹمنٹ کا شہریوں کی سہولت کیلئے اہم اقدام ہے۔
انہوں نے کہا کہ نئے نظام کے ذریعے عوام کو گھر بیٹھے گاڑی کے پسندیدہ نمبر کی آن لائن نیلامی میں حصہ لینے کی سہولت فراہم کی گئی ہے، شہریوں کو نیلامی کے عمل کیلئے متعلقہ دفاتر کے چکر لگانے کی ضرورت نہیں رہے گی۔
فیصل یوسف کے مطابق ای آکشن ایپ پر کامیاب بولی دہندگان کی تفصیلات بھی دیکھی جا سکیں گی، آن لائن نیلامی کے ذریعے گاڑیوں کے نمبروں کے حصول کا عمل مزید شفاف، آسان اور سہل ہو گیا ہے۔
