ستھرا پنجاب وژن:لاہور میں صفائی اقدامات کا جائزہ، ناقص کارکردگی پر سخت کارروائی کی ہدایت
(لاہور نیوز) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ستھرا پنجاب وژن کے تحت لاہور میں صفائی کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس منعقد ہوا، جس کی صدارت مشیر وزیر اعلیٰ پنجاب شعیب مرزا اور ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز نے کی۔
اجلاس میں سی ای او لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی (ایل ڈبلیو ایم سی) شہریار عارف خان، تمام اسسٹنٹ کمشنرز، ڈپٹی سی ای اوز ایل ڈبلیو ایم سی اور زونل منیجرز نے شرکت کی۔
مشیر وزیر اعلیٰ پنجاب شعیب مرزا نے صفائی انتظامات پر خصوصی توجہ دیتے ہوئے ایل ڈبلیو ایم سی اسٹاف کی سو فیصد حاضری اور صفائی سے متعلق اقدامات کی مؤثر انفورسمنٹ یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ ستھرا پنجاب پروگرام پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور ناقص کارکردگی و غفلت برتنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
اجلاس میں عارضی کلیکشن پوائنٹس کی روزانہ کی بنیاد پر کلیئرنس یقینی بنانے، ڈسٹ بنز کی تنصیب اور فیلڈ سرویلنس کو مزید مؤثر بنانے کی ہدایات جاری کی گئیں۔ مشیر وزیر اعلیٰ نے اینٹی لٹرنگ اسکواڈ اور بائیکرز کی فیلڈ میں نگرانی مزید فعال بنانے پر بھی زور دیا۔
شعیب مرزا نے ناقص کارکردگی پر ڈپٹی سی ای او ایل ڈبلیو ایم سی ساؤتھ کو تبدیل کرنے کی ہدایت کی، جبکہ فرائض میں غفلت برتنے والے ٹاؤن منیجر کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کا حکم بھی دیا۔ انہوں نے کلیئرنس آپریشن مؤثر انداز میں نہ کرنے والے کنٹریکٹرز پر بھاری جرمانے عائد کرنے کی ہدایت کی۔
سی ای او ایل ڈبلیو ایم سی شہریار عارف خان نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سالڈ ویسٹ کلیکشن کے لیے انفورسمنٹ اور اینٹی لٹرنگ بائیکرز اسکواڈ کی فیلڈ سرویلنس جاری ہے، جبکہ عارضی کلیکشن پوائنٹس کی کلیئرنس بھی کی جا رہی ہے اور فیلڈ آپریشنز کو مزید بہتر بنایا جا رہا ہے۔
تمام اسسٹنٹ کمشنرز نے اپنی اپنی تحصیلوں میں صفائی کی صورتحال اور درپیش مسائل پر بریفنگ دی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ چند مقامات پر اسٹاف کی حاضری اور بعض عارضی کلیکشن پوائنٹس کی مؤثر کلیئرنس سے متعلق معمولی مسائل موجود ہیں۔ فیلڈ سرویئرز سائٹس کی مکمل نشاندہی کے ساتھ آبزرویشنز مرتب کرنے کے لیے متحرک ہیں۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ویسٹ پوائنٹس کے حوالے سے فیلڈ سرویئرز کی انسپکشنز کے علاوہ کسی دوسرے محکمے، ایجنسی یا ادارے کو مداخلت کی اجازت نہیں ہو گی۔
ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز نے تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو صفائی اور سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے حوالے سے فیلڈ انسپکشنز فعال بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے ٹاؤن منیجرز اور زونل منیجرز کو کارکردگی بہتر بنانے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔
ڈپٹی کمشنر لاہور نے کہا کہ شہریوں کو صاف ستھرا لاہور فراہم کرنا انتظامیہ کا مشن ہے اور صفائی انتظامات کی روزانہ کی بنیاد پر مانیٹرنگ جاری رکھی جائے گی۔
