(لاہور نیوز) پنجاب حکومت نے انسدادِ سموگ اقدامات اور ماحولیاتی قوانین پر عملدرآمد مزید سخت کرتے ہوئے صوبے بھر میں آلودگی کے مقامی ذرائع کے خلاف فیلڈ انفورسمنٹ تیز کر دی ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صنعتی یونٹس، اینٹوں کے بھٹوں، پلاسٹک اور کمرشل ککنگ پوائنٹس کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے خلاف ورزی پر لاکھوں روپے جرمانے عائد کئے گئے، حکام کے مطابق ڈرون سکواڈ، نائٹ سکواڈ اور ہاک آئی فیلڈ سکواڈ کے ذریعے مسلسل نگرانی جاری ہے اور ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف فوری کارروائی کی جا رہی ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب بھر میں 23 صنعتی یونٹس کی انسپیکشن کی گئی، جہاں خلاف ورزی پر 4 یونٹس سیل جبکہ مجموعی طور پر 2 لاکھ 70 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا، اسی طرح 73 اینٹوں کے بھٹوں کا معائنہ کیا گیا، خلاف ورزی سامنے آنے پر ایک بھٹہ سیل اور 6 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا، پلاسٹک کے خلاف کارروائیوں کے دوران 27 مقامات کا معائنہ کیا گیا جبکہ غیر معیاری پلاسٹک کی 7 کلوگرام مقدار ضبط کی گئی، باربی کیو اور کمرشل ککنگ پوائنٹس کے خلاف بھی کارروائیاں جاری ہیں۔
گزشتہ 24 گھنٹوں میں 65 مقامات کی چیکنگ کی گئی، جن میں سے 46 مقامات پر سکشن ہڈز نصب کئے گئے جبکہ 11 مقامات سیل کر دیئے گئے، حکام کے مطابق کمرشل کچنز اور باربی کیو پوائنٹس سے دھوئیں کے اخراج کی مؤثر نگرانی کی جا رہی ہے، سکشن ہڈز کی تنصیب کے ساتھ ساتھ ان کی فعالیت بھی یقینی بنائی جا رہی ہے تاکہ فضائی آلودگی کے اخراج کو کم کیا جا سکے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر شاہراہوں اور سڑکوں پر گردوغبار کے تدارک کیلئے پانی کا مسلسل چھڑکاؤ بھی جاری ہے، جبکہ صاف ہوا کیلئے فیلڈ اقدامات میں مزید تیزی لائی گئی ہے۔
دوسری جانب کسانوں کو فصلوں کی باقیات جلانے سے گریز کیلئے مسلسل وارننگ اور آگاہی مہم جاری ہے، کسانوں کو فصلوں کی باقیات جلانے کے بجائے ماحول دوست طریقے اختیار کرنے کی ترغیب دی جا رہی ہے۔
سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت کے جامع ایکشن پلان کے تحت مانیٹرنگ، روک تھام اور فیلڈ انفورسمنٹ بیک وقت جاری ہیں، فضائی آلودگی کے مقامی ذرائع کے خلاف کارروائیاں بلاامتیاز جاری رہیں گی، انہوں نے کہا کہ شہریوں کو صاف اور صحت مند ماحول کی فراہمی وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی ترجیح ہے اور ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے شہریوں سے بھی اپیل کی کہ حکومت کا ساتھ دیتے ہوئے کچرا اور فصلوں کی باقیات جلانے سے گریز کریں اور صاف ہوا کیلئے اجتماعی ذمہ داری کا مظاہرہ کریں۔
