(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ معلومات تک رسائی شفاف طرز حکمرانی، عوامی اعتماد اور بہتر فیصلہ سازی کیلئے ناگزیر ہے۔
معلومات تک عالمگیر رسائی کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں مریم نواز شریف نے کہا کہ درست اور بروقت معلومات عوام کو بااختیار بناتی ہیں، حکومت پر اعتماد میں اضافہ کرتی ہیں اور فیصلہ سازی کو شفاف بنانے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں، معلومات تک آسان رسائی عوام اور حکومت کے درمیان اعتماد کو مزید مضبوط بناتی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ حکومت پنجاب شفافیت، احتساب اور شہریوں کے معلومات حاصل کرنے کے بنیادی حق کی مکمل پاسداری کر رہی ہے، حکومت کے امور میں شفافیت اور اداروں کو عوام کے سامنے جوابدہ بنانا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ شہریوں کا درست اور بروقت معلومات تک رسائی کا حق جمہوریت اور بہتر معاشرے کی بنیاد ہے، جبکہ آزاد اور شفاف معلومات کے ذریعے بدعنوانی کے خاتمے میں بھی مؤثر مدد حاصل کی جا سکتی ہے۔
مریم نواز شریف نے مزید کہا کہ معلومات تک رسائی ہر شہری کا بنیادی حق اور بااختیار معاشرے کی بنیاد ہے، شفافیت، جوابدہی اور گڈ گورننس کیلئے معلومات تک آسان رسائی ناگزیر ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے عوام کو سرکاری معلومات تک فوری اور آسان رسائی فراہم کی جا رہی ہے، حکومت پنجاب عوامی سہولت، شفافیت اور میرٹ کو یقینی بنانے کیلئے عملی اقدامات کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل پنجاب کا مقصد شہریوں کو معلومات اور سرکاری خدمات ان کی دہلیز تک پہنچانا ہے، باخبر شہری ہی بہتر فیصلے کر سکتے ہیں اور مضبوط معاشرے کی تشکیل میں مؤثر کردار ادا کر سکتے ہیں۔
