لاہور میں یکم اکتوبر سے صفائی فیس کے چالان جاری، پراپرٹی ٹیکس کے ساتھ وصولی
(لاہور نیوز) صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت پنجاب کے شہری علاقوں میں صفائی فیس کی وصولی کا نیا میکنزم متعارف کرانے کی تیاری شروع کردی گئی، یکم اکتوبر سے شہریوں کو صفائی فیس کے چالان کی ڈیلیوری شروع ہوگی۔
محکمہ ایکسائز کے مطابق پنجاب کے شہری علاقوں میں یکساں صفائی فیس کے نفاذ کو یقینی بنایا جائے گا۔ صفائی فیس پراپرٹی ٹیکس کے ساتھ وصول کی جائے گی، جبکہ محکمہ ایکسائز نے ریونیو کلیکشن کے لیے تیاریاں شروع کردی ہیں۔
نئے نظام کے تحت 5 مرلہ تک کے گھروں سے 300 روپے، 5 سے 10 مرلہ کے گھروں سے 500 روپے، 10 سے 20 مرلہ کے گھروں سے 1000 روپے، 20 سے 40 مرلہ کے گھروں سے 2000 روپے جبکہ 40 مرلہ سے بڑے گھروں سے 5000 روپے ماہانہ صفائی فیس وصول کی جائے گی۔
کمرشل یونٹس کے لیے چھوٹے یونٹس سے 500 روپے، درمیانے یونٹس سے 1000 روپے جبکہ بڑے کمرشل یونٹس سے 3000 روپے ماہانہ صفائی فیس مقرر کی گئی ہے۔
محکمہ ایکسائز گھر گھر سروے کے ساتھ صفائی فیس کے بلوں کی پرنٹنگ بھی کرے گا۔ صفائی فیس کے بلوں سے متعلق شکایات کے ازالے اور بلوں میں درستگی کی ذمہ داری بھی محکمہ ایکسائز کی ہوگی۔
