(لاہور نیوز) رہنما مسلم لیگ (ن) خواجہ سعد رفیق نے حکومت اور احتجاج کرنے والوں پر زور دیا ہے کہ ایک دوسرے سے بات چیت اور گفت و شنید جاری رکھی جائے۔
خواجہ سعد رفیق نے ایکس پر اپنے پیغام میں کہا کہ مسائل حل کرنے کی نیت ہو تو راستہ ضرور نکلتا ہے، حکومتیں اور احتجاج کرنے والے انا، ضد اور دھڑے بندیوں سے بالاتر ہو جائیں۔
انہوں نے کہا کہ آپ میں سے کوئی فاتح نہیں ہوگا کیونکہ سب ہار رہے ہیں، پہل ہمیشہ ریاست کرتی ہے، پہل کی جائے اور جانی و مالی نقصانات سے بچا جائے۔ رہنما مسلم لیگ (ن) کا کہنا تھا کہ ایک دوسرے کی عزت نفس کو تار تار کرنا کم ظرفی ہے، کوئی فخریہ کام نہیں۔
خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ مہنگائی، بے روزگاری، ناانصافی اور دہشت گردی کی آگ میں جھلسا ہوا پاکستان کراہ رہا ہے اور پکار رہا ہے، اس کی پکار سنی جائے۔
انہوں نے کہا کہ عام آدمی پس چکا ہے، اسے مباحثوں، ملاکھڑوں، الزامات، دھینگا مشتی اور خدمات کا ڈھنڈورا پیٹنے سے کوئی دلچسپی نہیں، جینا تقریباً ناممکن ہو چکا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بروقت علاج نہ کیا جائے تو رستے ہوئے زخم ناسور بن جاتے ہیں، پھر ساری قوم دہائیوں تک اس کی قیمت ادا کرتی رہتی ہے۔
خواجہ سعد رفیق نے مزید کہا کہ تاریخ لکھی جا رہی ہے، اسے قید کیا جا سکتا ہے نہ روکا جا سکتا ہے۔ لاعلاج زخم چھوڑ کر جانے والے ہمیشہ تاریخ کے کٹہرے میں کھڑے رہتے ہیں۔
