(لاہور نیوز) محکمہ سوشل ویلفیئر کی سروس ڈلیوری مزید مؤثر بنانے کا فیصلہ کر لیا گیا۔
صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر سہیل شوکت بٹ کی زیر صدارت نئے تعینات ڈائریکٹرز کا اہم اجلاس ہوا، جس میں ڈی جی سوشل ویلفیئر ڈاکٹر شہنشاہ فیصل عظیم سمیت تمام ڈائریکٹرز نے شرکت کی۔
اجلاس میں صوبائی وزیر نے محکمہ سوشل ویلفیئر کے مختلف ونگز کی کارکردگی بہتر بنانے کیلئے قابلِ عمل تجاویز پیش کرنے کی ہدایت کی، انہوں نے این جی اوز کی رجسٹریشن، ریگولیشن اور مانیٹرنگ کے نظام میں ضروری اصلاحات لانے کا فیصلہ کرتے ہوئے رجسٹریشن اور ریگولیٹری ایس او پیز کا جامع جائزہ لے کر نظرثانی شدہ ایس او پیز تیار کرنے کی ہدایت کی۔
صوبائی وزیر نے رجسٹرڈ این جی اوز کے بینک اکاؤنٹس کی شناخت اور تصدیق کیلئے مؤثر نظام وضع کرنے جبکہ مقامی اور بین الاقوامی منصوبوں کی منظوری کیلئے فریم ورک تیار کرنے کی بھی ہدایت کی، این جی او ونگ کی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے رجسٹرڈ این جی اوز کی خدمات سے بہتر استفادہ کیلئے روڈ میپ تیار کرنے کی ہدایت بھی کی گئی۔
سہیل شوکت بٹ نے پنجاب بھر کے صنعت زاروں کی گزشتہ دو سالہ کارکردگی کی جامع پریزنٹیشن دو ہفتوں میں پیش کرنے کی ہدایت کی، پریزنٹیشن میں صنعت زاروں میں تربیت حاصل کرنے والے افراد، آمدن اور مارکیٹ لنکیجز کی تفصیلات شامل کرنے کی ہدایت کی گئی، اس کے علاوہ صنعت زاروں کی مصنوعات کی ڈیزائننگ اور پیداوار میں موجود خلا، خصوصی افراد کیلئے سہولیات، بجٹ اور مستقبل کے لائحہ عمل پر بھی بریفنگ طلب کی گئی۔
اجلاس میں میڈیکل سوشل سروسز یونٹس میں مستحق اور غریب مریضوں کو بروقت سہولیات اور مالی معاونت کی فراہمی پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی گئی، صوبائی وزیر نے ایم ایس ایس یوز کے عملے، مستقبل کی توسیع، سروسز میں بہتری، آگاہی مہم اور فنڈز کے استعمال سے متعلق جامع پریزنٹیشن بھی دو ہفتوں میں پیش کرنے کی ہدایت کی۔
پاکستان بیت المال اور پنجاب بیت المال کے ذریعے مریضوں کی معاونت کے طریقہ کار پر بھی جامع پریزنٹیشن طلب کی گئی، جبکہ ایم ایس ایس یوز میں تعینات اسسٹنٹ ڈائریکٹرز کیلئے روٹیشن پالیسی تیار کرنے کی ہدایت کی گئی، صوبائی وزیر کے مطابق کسی ایک ہسپتال میں ایم ایس ایس یو اسسٹنٹ ڈائریکٹر کی تعیناتی کی مدت دو سال سے زائد نہیں ہو گی۔
اجلاس میں بزرگ شہریوں سمیت مستحق افراد کے ریفرل، اسیسمنٹ اور بحالی کے طریقہ کار پر بھی غور کیا گیا، صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر سہیل شوکت بٹ نے عوامی مسائل کے بروقت حل اور سروس ڈلیوری کو مزید بہتر بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
