محسن نقوی کا NCCIA سنٹرل زون ہیڈکوارٹرز کا دورہ، سائبر جرائم کیخلاف کارروائیاں تیز کرنے کا حکم
(لاہور نیوز) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے این سی سی آئی اے سنٹرل زون ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا، جہاں انہیں سائبر کرائمز کے خلاف جاری آپریشنز، تحقیقات اور ادارے کی کارکردگی پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
وفاقی وزیر داخلہ نے شکایات سیل، فرانزک لیب اور انویسٹی گیشن ونگ کا معائنہ کیا اور شہریوں کی شکایات کے اندراج سے لے کر تفتیش اور ملزمان کے خلاف کارروائی تک پورے نظام کا جائزہ لیا۔
محسن نقوی کی زیر صدارت خصوصی اجلاس میں آن لائن مالیاتی فراڈ، ہراسانی، ڈیجیٹل بلیک میلنگ اور منظم سائبر کرائم نیٹ ورکس کے خلاف کریک ڈاؤن مزید تیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
وفاقی وزیر داخلہ نے ہدایت کی کہ آن لائن مالیاتی فراڈ میں ملوث منظم گروہوں، جعلی اکاؤنٹس، ڈیجیٹل بلیک میلنگ اور آن لائن ہراسانی میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ "سائبر کرائم کرنے والا چاہے کہیں بیٹھا ہو، اسے قانون کی گرفت میں لانا ہے۔"
محسن نقوی نے مالیاتی فراڈ کی شکایت موصول ہوتے ہی فوری رسپانس کا نظام مزید مؤثر بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ متعلقہ اداروں سے بروقت رابطے کے ذریعے متاثرہ شہری کی رقم محفوظ بنانے اور ملزمان تک پہنچنے کے امکانات بڑھائے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ شہری کو شکایت درج کرانے کے بعد مہینوں انتظار نہیں کرنا چاہیے، ہر شکایت پر بروقت پیش رفت نظر آنی چاہیے۔
وفاقی وزیر داخلہ نے زیر التوا مقدمات اور شکایات کا کیس ٹو کیس جائزہ لینے اور غیر ضروری تاخیر ختم کرنے کا حکم بھی دیا۔
انہوں نے ڈیجیٹل فرانزک کی استعداد بڑھانے، جدید فرانزک ٹولز کے استعمال اور تفتیشی افسران کی خصوصی تربیت کی ہدایت کی۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ "سائبر کرائم کے نئے طریقوں کا مقابلہ روایتی تفتیش سے نہیں بلکہ جدید ٹیکنالوجی اور تربیت یافتہ افرادی قوت سے کیا جا سکتا ہے۔"
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ این سی سی آئی اے کو حقیقی معنوں میں پاکستان کی سائبر پولیس بنانا ہے، جو جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے شہریوں کو ڈیجیٹل دنیا میں تحفظ فراہم کرے۔
انہوں نے خواتین اور بچوں کو آن لائن ہراسانی، بلیک میلنگ اور ڈیجیٹل استحصال سے متعلق شکایات کو خصوصی ترجیح دینے کی ہدایت بھی کی۔
محسن نقوی نے کہا کہ شہریوں کے ڈیٹا، پرائیویسی اور مالی مفادات کا تحفظ این سی سی آئی اے کی بنیادی ذمہ داری ہے، اس مقصد کے لیے ادارے کو جدید ٹیکنالوجی، ضروری وسائل اور تربیت فراہم کی جا رہی ہے۔
انہوں نے سائبر کرائم سے بچاؤ کے لیے عوامی آگاہی مہم مؤثر بنانے اور شہریوں کو فراڈ کے نئے طریقوں سے بروقت آگاہ کرنے کی ہدایت کی۔
ڈی جی این سی سی آئی اے نے وفاقی وزیر داخلہ کو سنٹرل زون کی کارکردگی، زیر تفتیش مقدمات، سائبر فراڈ کے رجحانات اور جاری کارروائیوں کے بارے میں بریفنگ دی۔
