25 Sep 2026
(لاہور نیوز) کاہنہ لدے کے بھلر گاؤں کے قریب پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان مبینہ مقابلہ ہوا۔
پولیس کے مطابق محافظوں نے تین موٹر سائیکل سواروں کو رکنے کا اشارہ کیا، جس پر ملزمان نے پولیس پارٹی پر سیدھی فائرنگ شروع کر دی۔
ایس پی ماڈل ٹاؤن اسد علی کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں ایک ڈاکو اپنے ہی ساتھی کی فائرنگ سے زخمی ہوگیا، جسے گرفتار کرکے طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں اس کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔
پولیس کے مطابق گرفتار زخمی ڈاکو حسن چوری اور ڈکیتی سمیت 60 مقدمات میں ریکارڈ یافتہ ہے۔ ملزم کے قبضے سے چوری شدہ موٹر سائیکل اور پستول بھی برآمد کرلیا گیا۔
پولیس کے مطابق فرار ہونے والے دونوں ڈاکوؤں حسیب اور بلال کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے، جبکہ گرفتار ملزم سے مزید تفتیش اور قانونی کارروائی کی جا رہی ہے۔
