ڈرائیونگ لائسنس کیلئے فری میڈیکل سرٹیفکیٹ کی سہولت،13 ہسپتالوں میں کاؤنٹرز قائم
(لاہور نیوز) ڈرائیونگ لائسنس کے لیے شہریوں کو سرکاری ہسپتالوں سے مفت میڈیکل فٹنس سرٹیفکیٹ کی سہولت فراہم کر دی گئی۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے تحت لاہور کے 13 سرکاری ہسپتالوں میں فری میڈیکل فٹنس سرٹیفکیٹس کے لیے کاؤنٹرز قائم کیے گئے ہیں۔
سی ٹی او لاہور کے مطابق شہری اب بغیر کسی اخراجات کے متعلقہ سرکاری ہسپتالوں سے ڈرائیونگ لائسنس کے لیے میڈیکل فٹنس سرٹیفکیٹ حاصل کر سکتے ہیں۔
فری میڈیکل کاؤنٹرز ڈی ایچ کیو میاں میر ہسپتال، ڈی ایچ کیو مزنگ، جنرل ہسپتال غازی آباد، تحصیل ہیڈکوارٹرز ہسپتال سبزہ زار، گورنمنٹ ہسپتال سمن آباد، گورنمنٹ جنرل ہسپتال قلعہ گجر سنگھ، گورنمنٹ جنرل ہسپتال شاہدرہ، تحصیل ہیڈکوارٹرز بلال گنج، گورنمنٹ ہسپتال سوڈیوال، تحصیل ہیڈکوارٹرز کاہنہ، تحصیل ہیڈکوارٹرز رائے ونڈ اور گورنمنٹ آئی اینڈ جنرل ہسپتال سوامی نگر شالیمار میں قائم کیے گئے ہیں۔
سی ٹی او لاہور کے مطابق کمرشل ڈرائیونگ لائسنس اور 50 سال سے زائد عمر کے افراد کے لیے میڈیکل فٹنس سرٹیفکیٹ لازمی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ جعلی میڈیکل سرٹیفکیٹس کی روک تھام کے لیے ڈیجیٹل نظام متعارف کرایا جا رہا ہے، جبکہ ڈرائیونگ لائسنس مینجمنٹ سسٹم (ڈی ایل آئی ایم ایس) کو محکمہ صحت کے آن لائن نظام سے منسلک کرنے کی بھی تجویز ہے۔
سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی کے مطابق میڈیکل فٹنس سرٹیفکیٹس براہِ راست محکمہ صحت کے پورٹل پر اپ لوڈ ہونے سے جعلی سرٹیفکیٹس کا خاتمہ ممکن ہوگا۔ ٹریفک پولیس اور محکمہ صحت کے درمیان ریئل ٹائم ڈیٹا شیئرنگ سے تصدیقی عمل مزید مؤثر بنایا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ آن لائن میڈیکل ویری فکیشن سے شفافیت اور جوابدہی میں اضافہ ہوگا، جبکہ کرپشن اور بدعنوانی کے امکانات کم کرکے شہریوں کو جدید اور آسان خدمات کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے۔
