(لاہور نیوز) وزیراعظم کی فوکل پرسن برائے انسدادِ پولیو عائشہ رضا فاروق نے والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے پانچ سال تک کی عمر کے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے ضرور پلوائیں۔
عائشہ رضا فاروق کے مطابق 21 سے 27 ستمبر تک ملک کے 115 منتخب اضلاع میں ذیلی قومی انسدادِ پولیو مہم جاری رہے گی، جس کے دوران 3 کروڑ 10 لاکھ سے زائد بچوں تک رسائی کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مثبت ماحولیاتی نمونوں میں کمی خوش آئند ہے، تاہم پولیو کا خطرہ مکمل طور پر ختم نہیں ہوا، جب تک پولیو وائرس کہیں بھی موجود ہے، ہر بچے تک پولیو ویکسین کی رسائی یقینی بنانا ہو گی۔
وزیراعظم کی فوکل پرسن کا کہنا تھا کہ پولیو ورکرز مشکل حالات کے باوجود بچوں کے تحفظ کیلئے گھر گھر پہنچ رہے ہیں، والدین پولیو ٹیموں سے تعاون کریں اور پانچ سال تک کی عمر کے بچوں کو پولیو کے قطرے ضرور پلوائیں۔
عائشہ رضا فاروق نے علمائے کرام، میڈیا، کمیونٹی رہنماؤں اور والدین سے بھی انسدادِ پولیو مہم میں بھرپور تعاون کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ہر بچے کو پولیو سے محفوظ بنانا قومی ذمہ داری ہے۔
