(لاہور نیوز) پنجاب میں انسدادِ پولیو مہم دوسرے روز بھی جاری ہے، پہلے روز صوبے بھر میں 23 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے گئے۔
لاہور میں 4 لاکھ 54 ہزار، راولپنڈی میں 3 لاکھ سے زائد جبکہ ملتان میں 3 لاکھ 22 ہزار بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے گئے۔
دوسری جانب ڈیرہ غازی خان ڈویژن میں نامناسب تیاریوں کے باعث انسدادِ پولیو مہم موخر کر دی گئی۔ راجن پور، ڈیرہ غازی خان اور مظفر گڑھ میں مہم ملتوی کی گئی ہے، جبکہ متعلقہ اضلاع کو تیاریوں کا ازسرِنو جائزہ لینے کی ہدایت کی گئی ہے۔
انسدادِ پولیو پروگرام کے سربراہ خالد پرویز کے مطابق صوبے کے 10 اضلاع میں پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جا رہے ہیں۔
خالد پرویز نے انسدادِ پولیو مہم کی مؤثر نگرانی اور 100 فیصد کوریج یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پولیو وائرس کے دوبارہ داخلے کے خطرے کے پیش نظر کوئی بچہ نظرانداز نہیں ہونا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ مشکل رسائی والے علاقوں اور متحرک آبادیوں تک پولیو ویکسین پہنچانا اولین ترجیح ہے۔ پنجاب کو پولیو وائرس سے پاک رکھنے کے لیے ہر انسدادِ پولیو مہم کو مؤثر بنانا ہوگا۔
خالد پرویز نے کہا کہ پولیو کا مکمل خاتمہ مشترکہ قومی ذمہ داری ہے اور ہر بچے کو پولیو سے محفوظ بنانا ہم سب کا مشترکہ عزم ہے۔
