(ویب ڈیسک) ایک نئی تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ مردوں میں عمر بڑھنے کے ساتھ خون کے خلیوں سے Y (وائی) کروموسوم کا ضائع ہونا کینسر کے آغاز اور اس کے خطرناک حد تک پھیلنے سے گہرا تعلق رکھتا ہے۔
غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق طبی جریدے جے سی آئی انسائٹ میں شائع ہونے والی تحقیق میں سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ جیسے جیسے مردوں کی عمر بڑھتی ہے، جسم کے مختلف خلیوں سے وائی کروموسوم ختم ہونا شروع ہو جاتا ہے، جس کے نتیجے میں جسم کا مدافعتی نظام متاثر ہو سکتا ہے۔
تحقیق کے مطابق وائی کروموسوم کی کمی کینسر کے خلیوں کو مدافعتی نظام سے بچنے میں مدد دے سکتی ہے، جس کے باعث رسولی زیادہ تیزی سے اور نسبتاً بغیر رکاوٹ کے بڑھ سکتی ہے۔
ماہرین کے مطابق اس دریافت سے کینسر کی ابتدائی مرحلے میں تشخیص کے نئے امکانات پیدا ہو سکتے ہیں، جبکہ مستقبل میں مردوں کیلئے کینسر کے علاج کی مخصوص اور زیادہ مؤثر ادویات کی تیاری میں بھی مدد مل سکتی ہے۔
