(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب کے حکم پر پنجاب فوڈ اتھارٹی کی جانب سے ملاوٹ اور قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔
ڈائریکٹر آپریشنز نے فوڈ اتھارٹی کی ٹیموں کے ہمراہ مین بازار منصورہ اور سندر اڈا میں کارروائیاں کرتے ہوئے ایک معروف سنیکس یونٹ اور دو معروف ملک شاپس کو بند کر دیا، جبکہ دو مقدمات بھی درج کر لئے گئے۔
فوڈ اتھارٹی کے مطابق کارروائی کے دوران 2500 کلوگرام ایکسپائر بیکری اشیاء اور 450 لٹر ملاوٹ شدہ دودھ تلف کیا گیا، دودھ کے سیمپلز فیل ہونے پر دو مقدمات درج کرکے متعلقہ ملک شاپس کو بند کر دیا گیا، جبکہ ایکسپائر اشیاء کی موجودگی پر سنیکس یونٹ کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی۔
ترجمان پنجاب فوڈ اتھارٹی کے مطابق تلف کئے گئے دودھ میں پانی اور پاؤڈر کی ملاوٹ پائی گئی، پنجاب فوڈ اتھارٹی قوانین کے مطابق دودھ میں ملاوٹ سنگین جرم ہے اور اس کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جا رہی ہے، سنیکس یونٹ میں پراڈکٹ رجسٹریشن موجود نہیں تھی، جبکہ غیر منظور شدہ لیبل بھی برآمد کئے گئے، کارروائی کے دوران جانوروں کی فیڈ کیلئے استعمال ہونے والا چورہ بھی برآمد ہوا۔
فوڈ اتھارٹی ٹیموں نے معائنے کے دوران سنیکس یونٹ میں ٹوٹے اور گندے فرش پر اشیاء بغیر ڈھانپے رکھنے کی خلاف ورزی بھی نوٹ کی۔
ترجمان پنجاب فوڈ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے حکم پر صوبہ بھر میں انسدادِ ملاوٹ مہم جاری ہے اور قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں بلاامتیاز جاری رکھی جائیں گی۔
