(لاہور نیوز) پاکستان بار کونسل کے وفد نے چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی سے سپریم کورٹ میں ملاقات کی، وفد کی قیادت وائس چیئرمین پیر محمد مسعود چشتی نے کی۔
پاکستان بار کونسل کے وفد نے چیف جسٹس آف پاکستان کو ڈائریکٹوریٹ آف لیگل ایجوکیشن کی دو سالہ پیش رفت رپورٹ 2024-2026 پیش کی، وفد نے قانونی تعلیم کا معیار بہتر بنانے اور پیشہ ورانہ معیارات مضبوط کرنے کے اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔
ملاقات میں قانون کی تعلیم دینے والے اداروں کی نگرانی اور نصاب کی بہتری پر تبادلۂ خیال کیا گیا، وکلاء کے لیے مسلسل قانونی تعلیم اور عملی تربیت کے مواقع بڑھانے پر بھی گفتگو ہوئی۔
چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی نے کہا کہ معیاری قانونی تعلیم ایک باصلاحیت قانونی برادری اور مؤثر نظامِ انصاف کے لیے بنیادی اہمیت رکھتی ہے، قانونی تعلیم میں عملی مہارت اور پیشہ ورانہ اخلاقیات کو بنیادی اہمیت حاصل ہے۔
جسٹس یحییٰ آفریدی نے کہا کہ مستقبل کے وکلاء کی بہتر پیشہ ورانہ تیاری کے لیے بار، قانونی تعلیمی اداروں اور دیگر متعلقہ شراکت داروں کے درمیان مسلسل تعاون ضروری ہے۔
ملاقات میں پاکستان میں قانونی تعلیم کا معیار مزید بہتر بنانے کے لیے مسلسل ادارہ جاتی روابط اور تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
