(لاہور نیوز) محکمہ فوڈ سیفٹی اینڈ کنزیومر پروٹیکشن نے ناجائز منافع خوری اور اوور چارجنگ کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کر دی ہیں۔
سیکرٹری فوڈ سیفٹی ڈاکٹر کرن خورشید کے مطابق گزشتہ ہفتے کے دوران پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے مختلف مارکیٹوں میں 4 لاکھ 13 ہزار 538 انسپیکشنز کیں، اوور چارجنگ اور نرخ نامے آویزاں نہ کرنے پر 11 کروڑ 37 لاکھ 25 ہزار روپے جرمانے عائد کئے گئے، جبکہ اوور چارجنگ کے 19 ہزار 538 واقعات رپورٹ ہوئے، کارروائیوں کے دوران 52 مقدمات درج اور 377 افراد گرفتار کئے گئے۔
سیکرٹری فوڈ سیفٹی کے مطابق روٹی کی قیمتوں کی نگرانی کیلئے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے 70 ہزار 461 انسپیکشنز کیں، جن کے دوران روٹی کی اوور چارجنگ کی 4 ہزار 818 خلاف ورزیاں سامنے آئیں، روٹی کی زائد قیمت وصول کرنے پر 7 مقدمات درج، 86 افراد گرفتار جبکہ 7 لاکھ 22 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔
ڈاکٹر کرن خورشید نے بتایا کہ چکن گوشت کی قیمتوں سے متعلق 18 ہزار 165 مقامات کی چیکنگ کی گئی، چکن گوشت کی اوور چارجنگ پر 19 افراد گرفتار اور 2 لاکھ 36 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا، پامرا انفورسمنٹ ٹیموں نے پنجاب کی مختلف مارکیٹوں میں 72 ہزار 703 انسپیکشنز کیں اور 415 مارکیٹس کی چیکنگ کے دوران اوور چارجنگ کے 1 ہزار 377 واقعات سامنے آئے۔
سیکرٹری فوڈ سیفٹی کے مطابق پامرا کی کارروائیوں کے دوران 56 لاکھ 24 ہزار 500 روپے جرمانے عائد کئے گئے جبکہ 20 افراد گرفتار ہوئے، اوور چارجنگ اور دیگر خلاف ورزیوں پر 32 کاروباری مقامات سیل بھی کئے گئے، صارفین کو مقررہ نرخوں پر اشیائے ضروریہ کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے نگرانی اور کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔
