(لاہور نیوز) لاہور کے علاقے نصیر آباد میں پولیس اہلکار بن کر شہریوں کو گمراہ کرنے والے دو نوسربازوں کو گرفتار کر لیا گیا۔
ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق گوپال نگر مین بازار میں دو افراد خود کو پولیس اہلکار ظاہر کرتے ہوئے شہریوں پر قانون کا رعب جمانے کی کوشش کر رہے تھے، دونوں ملزمان نے سفید شلوار قمیض کے ساتھ پولیس کیپ پہن رکھی تھی۔
نصیر آباد پولیس نے دونوں مشتبہ افراد سے شناخت اور سرکاری ملازمت کا ثبوت طلب کیا، تاہم وہ پولیس اہلکار ہونے کا کوئی ثبوت پیش نہ کر سکے، گرفتار ملزمان کی شناخت محمد آصف اور عبدالماجد کے نام سے ہوئی ہے۔
پولیس کے مطابق ملزمان کے خلاف خود کو پولیس اہلکار ظاہر کرنے اور پولیس کیپ کے غیر قانونی استعمال پر مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، جبکہ ان کے خلاف دفعات 170 اور 171 تعزیراتِ پاکستان کے تحت قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔
ڈی آئی جی آپریشنز نے کہا ہے کہ پولیس کی شناخت یا وردی کا سہارا لے کر شہریوں کو دھوکہ دینے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا، پولیس اہلکار بن کر قانون کا رعب جمانے والے جیل جائیں گے۔
انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ کسی بھی مشکوک شخص کے خود کو پولیس اہلکار ظاہر کرنے کی صورت میں اس کی شناخت کی لازماً تصدیق کریں۔
