:(لاہور نیوز) ٹریفک پولیس نے ای چالان کی ادائیگی نہ کرنے والی سرکاری اور نیم سرکاری گاڑیوں کے خلاف کریک ڈاؤن مزید تیز کر دیا ہے، پیٹرولنگ آفیسر نے ایک گاڑی کے ای چالان چیک کیے تو 1 لاکھ روپے سے زائد مالیت کے 54 ای چالان نکل آئے۔
کریک ڈاؤن کےسلسلے میں ٹریفک پولیس کی جانب سے تمام نادہندہ سرکاری محکموں کو ای چالان کی کلیئرنس کے لیے مراسلہ بھی ارسال کر دیا گیا ہے۔
ٹھوکر نیاز بیگ کے قریب پیٹرولنگ آفیسر زاہد نے ایک گاڑی کے ای چالان چیک کیے تو 1 لاکھ روپے سے زائد مالیت کے 54 ای چالان نکل آئے،ریکارڈ کے مطابق کار ڈرائیور نے 32 مرتبہ ٹریفک سگنل اور 20 مرتبہ لین لائن کی خلاف ورزی کی تھی۔
ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق ڈرائیور کی جانب سے تمام واجب الادا جرمانہ ادا کرنے کے بعد گاڑی کو چھوڑ دیا گیا۔
چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے بتایا کہ شہر لاہور میں 20 سے زائد ٹریفک خلاف ورزیوں پر اے این پی آر (ANPR) کیمروں کی مدد سے ای چالان جاری کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے شہریوں کو ای چالان سے بچنے کے لیے ٹریفک قوانین کی پاسداری کی ہدایت کی اور واضح کیا کہ جعلی یا بلا نمبر پلیٹس اور نمبر پلیٹس کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز سخت کریک ڈاؤن جاری ہے۔
