(لاہور نیوز) لاہور پولیس نے جوئے کے اڈوں اور آن لائن گیمبلنگ نیٹ ورکس کے خلاف کارروائیاں تیز کرتے ہوئے رواں سال 1857 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان لاہور پولیس کے مطابق کارروائیوں کے دوران گرفتار ملزمان کے قبضے سے 75 لاکھ روپے سے زائد رقم بھی برآمد کی گئی، سٹی ڈویژن میں قمار بازی کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے 576 جواری گرفتار کئے گئے، اقبال ٹاؤن ڈویژن سے 351 جبکہ ماڈل ٹاؤن ڈویژن سے 225 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔
سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ کا کہنا ہے کہ جوئے اور آن لائن گیمبلنگ کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کارروائیاں جاری ہیں، جوئے کے اڈوں کے ساتھ ساتھ آن لائن گیمبلنگ نیٹ ورکس کے خلاف بھی شکنجہ مزید سخت کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ جوئے کے اڈوں کی سرپرستی اور سہولت کاری کرنے والے عناصر کے خلاف بھی سخت کارروائی کی جائے، جبکہ آن لائن جوئے کے ذریعے نوجوانوں کو گمراہ کرنے والے عناصر کے خلاف بروقت ایکشن یقینی بنایا جائے۔
سی سی پی او لاہور نے واضح کیا کہ معاشرے میں قمار بازی کے خاتمے اور نوجوان نسل کو آن لائن گیمبلنگ کے منفی اثرات سے محفوظ رکھنے کیلئے کارروائیوں کا سلسلہ مزید مؤثر بنایا جائے گا۔
