12 Sep 2026
(لاہور نیوز) بھتہ خوری کے واقعات پر قابو نہ پایا جا سکا، کاہنہ کے رہائشی تاجر اشفاق سے مبینہ طور پر ایک کروڑ روپے بھتہ طلب کئے جانے کا واقعہ سامنے آ گیا۔
متاثرہ تاجر اشفاق کی مدعیت میں بھتہ خوری اور دھمکیوں کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، ایف آئی آر کے مطابق نامعلوم ملزمان نے فون کال کے ذریعے تاجر سے ایک کروڑ روپے بھتہ طلب کیا۔
مقدمے کے متن کے مطابق ملزمان نے فون پر کہا کہ کاروبار بہت اچھا چل رہا ہے، ہمیں بھتہ بھجوائیں، جبکہ رقم ادا نہ کرنے کی صورت میں تاجر کو جان سے مارنے کی دھمکیاں بھی دی گئیں۔
متاثرہ تاجر اشفاق کا کہنا ہے کہ مقدمہ درج ہونے کے باوجود پولیس تاحال مبینہ بھتہ خوروں کا سراغ نہیں لگا سکی۔
تاجر نے پولیس حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے میں ملوث ملزمان کو فوری گرفتار کرکے اسے اور اس کے خاندان کو تحفظ فراہم کیا جائے۔
