(لاہور نیوز) پنجاب بھر میں پولیو کے انسداد کیلئے ڈاکٹروں کی خصوصی ٹاسک فورس تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کی فوکل پرسن برائے پولیو عظمیٰ کاردار نے کہا ہے کہ پولیو کے خاتمے کیلئے سینئر ڈاکٹروں کی معاونت انتہائی اہم ہے، والدین کے تحفظات اور خدشات دور کرنے کیلئے ماہر اور سینئر ڈاکٹرز ٹاسک فورس کے ساتھ مل کر کردار ادا کریں گے۔
پولیو کے خلاف جاری کوششوں کو مزید تیز کرنے کیلئے سروسز ہسپتال میں ایک خصوصی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا، جس میں پاکستان پیڈیاٹرک ایسوسی ایشن کے نمائندوں اور سینئر ڈاکٹروں نے شرکت کی۔
ورکشاپ کی صدارت وزیراعلیٰ پنجاب کی فوکل پرسن برائے پولیو عظمیٰ کاردار اور سربراہ انسداد پولیو پروگرام خالد پرویز نے کی، اس موقع پر پولیو کے خاتمے کیلئے جاری اقدامات، والدین کے خدشات اور ویکسینیشن کے عمل کو مزید مؤثر بنانے کے حوالے سے امور کا جائزہ لیا گیا۔
سربراہ انسداد پولیو پروگرام خالد پرویز نے بتایا کہ پنجاب میں انسداد پولیو مہم کا آغاز 21 ستمبر سے کیا جا رہا ہے، جو صوبے کے 13 اضلاع میں منعقد ہو گی، خالد پرویز کے مطابق لاہور میں انسداد پولیو مہم 7 روز تک جاری رہے گی، جبکہ دیگر اضلاع میں مہم کا دورانیہ 4 روز ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ پولیو کے مکمل خاتمے کیلئے تمام متعلقہ اداروں، طبی ماہرین اور والدین کا تعاون ناگزیر ہے، سینئر ڈاکٹروں کی شمولیت سے والدین کے خدشات دور کرنے اور بچوں کو پولیو سے محفوظ بنانے کی کوششوں کو مزید مؤثر بنایا جائے گا۔
