(لاہور نیوز) ایران اور امریکہ کے درمیان جاری کشیدگی کے باعث پاکستان سے مشرق وسطیٰ جانے اور آنے والی پروازوں کا فضائی آپریشن متاثر ہو گیا۔
ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق مختلف پاکستانی ایئرپورٹس سے مجموعی طور پر 45 پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں، منسوخ ہونے والی پروازوں میں ملکی اور غیر ملکی ایئرلائنز کی پروازیں شامل ہیں، لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے علاوہ کراچی، اسلام آباد، سیالکوٹ، ملتان اور کوئٹہ سے آنے اور جانے والی پروازیں بھی منسوخ کی گئی ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ایران اور امریکہ کے درمیان کشیدگی کے علاوہ برطانیہ کے فلائٹ آپریشن سسٹم میں پیدا ہونے والی خرابی بھی پروازوں کی منسوخی کی ایک وجہ ہے، برطانیہ میں گزشتہ تین روز سے فلائٹ آپریشن سسٹم کی خرابی کے باعث مسافروں کو اضافی مشکلات کا سامنا ہے۔
پروازوں کی منسوخی کے باعث لاہور سمیت مختلف ایئرپورٹس پر مسافر شدید پریشانی سے دوچار ہیں اور اپنی پروازوں کے حوالے سے معلومات حاصل کرنے کیلئے ایئرلائنز سے رابطہ کر رہے ہیں۔
ایئرپورٹ انتظامیہ نے یورپ اور مشرق وسطیٰ جانے والے مسافروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ایئرپورٹ آنے سے قبل اپنی متعلقہ پرواز کی تازہ ترین صورتحال اور شیڈول کے بارے میں مکمل معلومات حاصل کریں۔
