(ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر لاہور میں بسنت فیسٹیول کے موقع پر گرینڈ کائٹ فیسٹیول منعقد کرنے کی تیاریاں جاری ہیں۔
بسنت فیسٹیول کی تیاریوں اور انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے پنجاب کے وزیر ہاؤسنگ بلال یاسین کی زیر صدارت اجلاس ہوا، اجلاس میں ڈپٹی کمشنر لاہور کی جانب سے بسنت فیسٹیول کے انتظامات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اس موقع پر وزیر ہاؤسنگ بلال یاسین نے کہا کہ لاہور کی اہم شاہراہوں پر بسنت کے حوالے سے خصوصی تزئین و آرائش کی جائے گی، جبکہ فلائی اوورز اور دیگر نمایاں مقامات کو بھی سجایا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ لاہور کے داخلی اور خارجی راستوں کو بھی خصوصی بینرز، رنگ برنگی آرائش اور خصوصی لائٹنگ سے آراستہ کیا جائے گا تاکہ بسنت فیسٹیول کیلئے شہر کو خوبصورتی سے سجایا جا سکے۔
بلال یاسین نے بسنت فیسٹیول کے انتظامات بروقت مکمل کرنے اور شہریوں کو خوبصورت تفریحی ماحول فراہم کرنے کیلئے تمام متعلقہ اداروں کو مربوط انداز میں کام کرنے کی ہدایت کی، انہوں نے انتظامات کو مزید مؤثر بنانے اور فیسٹیول کے دوران شہریوں کی سہولت کو ترجیح دینے پر بھی زور دیا۔
