(لاہور نیوز) پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے غیر فعال، منسوخ یا استعمال میں نہ رہنے والی سمز سے منسلک واٹس ایپ اکاؤنٹس کے خلاف کارروائی کا عندیہ دے دیا۔
پی ٹی اے کے مطابق غیر فعال یا غیر رجسٹرڈ موبائل نمبرز سے منسلک بعض واٹس ایپ اکاؤنٹس فراڈ اور دیگر غیر قانونی سرگرمیوں کے لیے استعمال ہو رہے ہیں، جس کے باعث ایسے اکاؤنٹس کو بلاک کیا جا سکتا ہے۔
پی ٹی اے نے صارفین کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے واٹس ایپ اکاؤنٹس کو موجودہ اور فعال موبائل نمبرز کے ساتھ منسلک رکھیں۔ اتھارٹی کے مطابق غیر فعال، بلاک، منسوخ یا غیر رجسٹرڈ سم سے منسلک اکاؤنٹس کو رسائی کے مسائل کا سامنا ہو سکتا ہے۔
پی ٹی اے نے صارفین کو مشورہ دیا ہے کہ اگر انہوں نے اپنا موبائل نمبر تبدیل کیا ہے تو واٹس ایپ میں موجود Change Number آپشن کا بروقت استعمال کریں تاکہ اکاؤنٹ پر ان کا کنٹرول برقرار رہے۔
اتھارٹی نے صارفین پر زور دیا ہے کہ وہ اپنی سمز کی موجودہ حیثیت کی تصدیق کریں اور غیر فعال نمبرز کی صورت میں بروقت ضروری اقدامات کریں۔
پی ٹی اے کے مطابق اس اقدام کا بنیادی مقصد فراڈ اور غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے ساتھ ڈیجیٹل سکیورٹی کو مزید بہتر بنانا ہے۔
