(لاہور نیوز) محکمہ ہائر ایجوکیشن نے کالجز کے طلبہ کو گھر بیٹھے آن لائن تعلیم اور ٹیسٹ کی سہولت فراہم کرنے کیلئے خصوصی ایپ تیار کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
محکمہ ہائر ایجوکیشن کے مطابق کالجز کے طلبہ کیلئے ’’اکیڈمک ایکسیلنس‘‘ کے نام سے ایپ تیار کی جائے گی، جس پر طلبہ کیلئے خصوصی ویڈیو لیکچرز دستیاب ہوں گے۔
طلبہ اکیڈمک ایکسیلنس ایپ کے ذریعے آن لائن ٹیسٹ بھی دے سکیں گے، محکمہ ہائر ایجوکیشن کے مطابق آن لائن ٹیسٹس میں میڈیم ڈیفکلٹی لیول کے سوالات شامل کئے جائیں گے، تاکہ طلبہ اپنی تعلیمی تیاری کا جائزہ لے سکیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ نئی ایپ کے ذریعے کالج طلبہ کو گھر بیٹھے امتحانات کی تیاری اور تعلیمی مواد تک رسائی کی سہولت میسر آئے گی، سرکاری و نجی کالجز میں اس نوعیت کی سہولت تاحال دستیاب نہیں۔
محکمہ ہائر ایجوکیشن کے مطابق اکیڈمک ایکسیلنس ایپ کے ذریعے کالج طلبہ کی تعلیمی استعداد بہتر بنانے اور انہیں جدید ڈیجیٹل تعلیمی سہولیات فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔
