(لاہور نیوز) لاہور بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن نے آئندہ امتحانات سے روایتی پیپر مارکنگ سنٹرز ختم کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
چیئرمین لاہور بورڈ پروفیسر بدرالسلام کے مطابق سیکنڈ اینول امتحان سے طلبہ کے پرچوں کی آن سکرین مارکنگ کی جائے گی، جس کے تحت تمام ایگزمینرز گھر بیٹھے آن لائن پیپر چیک کر سکیں گے۔
چیئرمین لاہور بورڈ کا کہنا ہے کہ آن سکرین مارکنگ کے نظام سے ایگزمینرز کی جانب سے غلطیوں کے امکانات کم ہوں گے، جبکہ دور دراز مارکنگ سنٹرز تک پہنچنے میں پیش آنے والی مشکلات بھی ختم ہو جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ اس نظام سے ری چیکنگ سے متعلق شکایات کے ازالے میں بھی مدد ملے گی۔
پروفیسر بدرالسلام نے بتایا کہ امیدواروں کو آن لائن داخلہ فارم جمع کروانے کی سہولت بھی فراہم کی جا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سخت نگرانی کے باعث رواں سال نہم جماعت کا نتیجہ بہتر رہا، جبکہ آن سکرین مارکنگ کے نفاذ سے امتحانی نتائج کے معیار میں مزید بہتری آئے گی۔
