(لاہور نیوز) ڈی سی لاہور نے محفوظ بسنت 2027 کے حوالے سے اہم اعلان کرتے ہوئے پتنگ بازی کے سامان کی تیاری کے لیے رجسٹریشن کا عمل شروع کرنے کا اعلان کر دیا۔
ایکس پر جاری پیغام میں ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز نے بتایا کہ بسنت پورٹل 2027 پر رجسٹریشن کا آغاز 5 ستمبر سے کیا جائے گا۔
لاہور بھر میں پتنگ بازی کے سامان کی تیاری کے لیے اجازت نامہ لازمی قرار دیا گیا ہے جبکہ صرف این او سی حاصل کرنے والے افراد ہی پتنگ بازی کا سامان تیار کر سکیں گے۔
ضلعی انتظامیہ کی ٹیمیں منظور شدہ سامان کی تیاری کے عمل کی کڑی نگرانی کریں گی۔ بسنت کے دوران صرف منظور شدہ سائز کی پتنگیں، ڈور کے لیے پنا اور سوتی ڈور استعمال کرنے کی اجازت ہو گی۔
ڈپٹی کمشنر لاہور نے کہا کہ انتظامیہ پتنگ بازی کی روایتی ثقافت کو حفاظتی ضابطوں کے ساتھ بحال کرے گی، منظور شدہ سائز اور سوتی ڈور کا استعمال ہی محفوظ بسنت کو یقینی بنا سکتا ہے۔
