(لاہور نیوز) صدر انجمن تاجران مجاہد مقصود بٹ نے کہا ہے کہ لاہور کے تاجر کسی سیاسی جماعت کے آلہ کار نہیں بنیں گے۔
لاہور چیمبر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدر انجمن تاجران مجاہد مقصود بٹ نے جماعت اسلامی کی جانب سے دی گئی ملک گیر شٹر ڈاؤن ہڑتال کی کال کو مسترد کر دیا، مجاہد مقصود بٹ کا کہنا ہے کہ تاجر کسی سیاسی جماعت کے آلہ کار نہیں بنیں گے، آج لاہور کی تمام مارکیٹس کھلی ہیں اور کاروباری سرگرمیاں معمول کے مطابق جاری ہیں۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ تاجروں کو آج ہڑتال کرنے کیلئے دھمکیاں بھی دی گئیں، تاہم لاہور کے تاجروں نے ہڑتال کی کال پر عمل نہیں کیا، جماعت اسلامی کو پہلے لاہور کے تاجر کبھی یاد نہیں آئے، جب پیرا فورس والے تاجروں پر ظلم کر رہے تھے، تب جماعت اسلامی کدھر تھی؟
مجاہد مقصود بٹ نے کہا کہ لاہور کے تاجر کسی سیاسی جماعت کے آلہ کار نہیں بنیں گے, انجمن تاجران کا کسی بھی سیاسی جماعت سے کوئی تعلق نہیں، تاجر برادری اپنے کاروباری اور معاشی مسائل کیلئے اپنی آواز خود بلند کرے گی اور کسی سیاسی جماعت کی کال پر کاروبار بند نہیں کرے گی۔
صدر انجمن تاجران مجاہد مقصود بٹ نے جماعت اسلامی کی ہڑتال سے لاتعلقی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ لاہور کی تمام مارکیٹس کھلی ہیں اور تاجروں کا کاروبار معمول کے مطابق جاری ہے۔
