محفوظ بسنت 2027 کی تیاریاں شروع، 5 ستمبر سے پتنگ سازی کے سامان کی رجسٹریشن کا اعلان
(لاہور نیوز) ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز نے محفوظ بسنت 2027 کے حوالے سے اہم اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ بسنت پورٹل 2027 پر رجسٹریشن کا عمل شروع کیا جا رہا ہے۔
ڈی سی لاہور نے ایکس (سابق ٹویٹر) پر اپنے پیغام میں کہا کہ 5 ستمبر سے پتنگ سازی کے سامان کی تیاری کے لیے رجسٹریشن کا آغاز کیا جائے گا۔ لاہور میں پتنگ بازی کے سامان کی تیاری کے لیے اجازت نامہ اور این او سی لازمی قرار دیا گیا ہے، جبکہ صرف این او سی حاصل کرنے والے افراد ہی پتنگ بازی کا سامان تیار کر سکیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کی ٹیمیں منظور شدہ سامان کی تیاری کی کڑی نگرانی کریں گی اور صرف منظور شدہ سائز، پنا اور سوتی ڈور کے استعمال کی اجازت ہوگی۔
کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز کا کہنا تھا کہ انتظامیہ پتنگ بازی کے روایتی حسن کو حفاظتی ضابطوں کے ساتھ بحال کرے گی اور لاہور میں محفوظ بسنت کو یقینی بنایا جائے گا۔
ڈی سی لاہور نے کہا کہ صرف منظور شدہ سائز اور سوتی ڈور کا استعمال ہی بسنت کو محفوظ بنا سکتا ہے۔
