(لاہور نیوز) ڈی آئی جی آپریشنز لاہور فیصل کامران کی جانب سے پولیس افسران اور جوانوں کو ٹارگٹ کلرز کے ممکنہ حملوں کے پیش نظر الرٹ رہنے اور مسلح رہنے کی ہدایت کر دی گئی۔
ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کی جانب سے جاری آڈیو پیغام میں کہا گیا ہے کہ تمام پولیس افسران اور جوانوں کے پاس اسلحہ ہونا ضروری ہے، لاہور پولیس پر دو حملے ہو چکے ہیں، اس لیے اہلکاروں کو اپنی حفاظت کے لیے مکمل طور پر تیار رہنا ہو گا۔
آڈیو پیغام میں کہا گیا ہے کہ اگر کسی پولیس اہلکار کے پاس سرکاری پسٹل نہیں ہے تو اس کے پاس نجی اسلحہ ہونا ضروری ہے۔
ڈی آئی جی آپریشنز نے ہدایت کی کہ شہر میں پولیس پر دوبارہ کسی قسم کا حملہ ہونے کی صورت میں پولیس ملازم فوری کارروائی کرے، آڈیو پیغام کے مطابق پولیس کے جوان سول لباس یا یونیفارم میں بلاجواز کارروائی کر سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں کسی کارروائی پر کوئی انکوائری نہیں ہو گی۔ تمام جوانوں کے پاس اسلحہ ہونا ضروری ہے اور اسلحہ رکھنے کے لیے لائسنس کی کوئی شق نہیں ہے، آڈیو پیغام کے مطابق یہ ہدایات رات 12 بجے کے بعد تا حکم ثانی نافذ العمل رہیں گی۔
