(لاہور نیوز) مانگا منڈی پولیس نے موبائل شاپ پر فائرنگ کرکے دکاندار کو زخمی کرنے والے اقدامِ قتل کے ملزم کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق ملزم ساجد کو جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ٹریس کرکے تالاب سرائے گاؤں سے حراست میں لیا گیا۔ ملزم کے قبضے سے پستول بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق ملزم ساجد نے ایک روز قبل دکاندار محبوب کو فون کرکے موبائل پیکج لگانے کا کہا تھا۔ دکاندار کے دکان پر موجود نہ ہونے کے باعث پیکج نہ لگ سکا، جس پر دونوں کے درمیان جھگڑا ہوا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ اسی رنجش پر ملزم نے موبائل شاپ پر فائرنگ کردی۔ فائرنگ کی زد میں آکر دکاندار محبوب زخمی ہوگیا، جسے طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
مانگا منڈی پولیس نے ملزم ساجد کے خلاف مقدمہ درج کرکے اسے مزید تفتیش کے لیے انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کر دیا ہے۔
ایس پی صدر کے مطابق ملزم کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی جاری ہے۔
