(لاہور نیوز) پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی( پی ایس سی اے) کی جانب سے شہریوں کو بڑی سہولت فراہم کردی گئی جس کے تحت شہری اب غلط ای چالان گھر بیٹھے کینسل کراسکیں گے۔
پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی نے صوبے بھر کے شہریوں کی سہولت اور چالاننگ کے نظام میں شفافیت کو مزید بہتر بنانے کیلئے ایک بڑا اور انقلابی قدم اٹھا لیا۔
اتھارٹی نے ٹریفک کیمروں کی مدد سے جاری ہونے والے غلط ای چالان کی شکایات کے آزالے کیلئے اب ایک آسان آن لائن پورٹل اور ریویو سسٹم متعارف کرا دیا گیا ہے، جس کے بعد شہریوں کو اب دفاتر کے چکر نہیں کاٹنے پڑیں گے۔
پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کی جانب سے جاری کردہ ہدایات میں کہا گیا ہے کہ اگر کسی شہری کو لگتا ہے کہ اسے غلط ای چالان جاری ہوا ہے، تو وہ آسان مراحل کے ذریعے اسے چیلنج کر سکتا ہے۔
سب سے پہلے آفیشل ویب سائٹ https://echallan.psca.gop.pk پر جائیں، پورٹل پر اپنا اکاؤنٹ بنائیں یا پہلے سے موجود اکاؤنٹ میں لاگ ان کریں، ویب سائٹ پر موجود "ریویو سیکشن” (Review Section) کا انتخاب کریں اور اپنے دعوے کے حق میں لازمی دستاویزات اور ثبوت کے ساتھ فارم جمع کروائیں۔
اتھارٹی کا کہنا تھا کہ درخواست موصول ہونے کے بعد سیف سٹی کی مخصوص ٹیم چالان اور شہری کی طرف سے فراہم کردہ ثبوتوں کی باریک بینی سے تصدیق کرے گی۔
اگر تفتیش اور تصدیق کے دوران یہ ثابت ہو گیا کہ ای چالان واقعی غلطی سے یا کسی تکنیکی خرابی کی وجہ سے جاری ہوا تھا تو سیف سٹی ٹیم محض 24 گھنٹے کے اندر اندر اس چالان کو سسٹم سے ہمیشہ کے لیے منسوخ کر دے گی۔
