(لاہور نیوز) تھانہ کاہنہ کے علاقے میں مبینہ پولیس مقابلے کے دوران دو ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کر لئے گئے، جبکہ ان کے دو ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
پولیس کے مطابق چار مسلح ڈاکو سرائچ پلی کے علاقے میں گن پوائنٹ پر ایک شہری سے رکشہ چھین کر فرار ہوئے تھے، واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس نے دورانِ سنیپ چیکنگ چار مشکوک افراد کو رکنے کا اشارہ کیا۔
ایس پی ماڈل ٹاؤن اسد علی کے مطابق پولیس کو دیکھتے ہی ملزمان نے فائرنگ شروع کر دی، جس پر پولیس نے بھی جوابی کارروائی کی، فائرنگ کے تبادلے کے دوران دو ڈاکو مبینہ طور پر اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے زخمی ہو گئے، جبکہ دو دیگر ملزمان موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
پولیس نے زخمی ڈاکوؤں کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے دو پستول اور شہری سے چھینا گیا رکشہ برآمد کر لیا، گرفتار ملزمان کو طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان چوری اور ڈکیتی کے 50 سے زائد مقدمات میں ریکارڈ یافتہ ہیں، واقعے کا مقدمہ تھانہ کاہنہ میں درج کر کے فرار ملزمان کی گرفتاری اور مزید تفتیش کا عمل جاری ہے۔
