(لاہور نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما عبداللہ طاہر کے قتل کیس کی تفتیش میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جس کے تحت مقدمے کی تحقیقات تھانہ غالب مارکیٹ انویسٹی گیشن پولیس سے لے کر کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ (سی سی ڈی) کے حوالے کر دی گئی۔
پولیس ذرائع کے مطابق قتل کیس میں مبینہ شوٹرز کی شناخت سامنے آنے کے بعد تفتیش سی سی ڈی ماڈل ٹاؤن کے سپرد کی گئی ہے، ڈی ایس پی سی سی ڈی حسنین حیدر اپنی ٹیم کے ہمراہ مقدمے کی تحقیقات کریں گے۔
ذرائع کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ مرکزی مبینہ شوٹر ارسلان جٹ اپنی گاڑی میں دیگر شوٹرز کو گوجرانوالہ سے لاہور لے کر آیا تھا، جہاں واردات کو انجام دیا گیا۔
پولیس ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ عبداللہ طاہر کے قتل کی مبینہ منصوبہ بندی کرنے والا ملزم کوگی بٹ بیرون ملک فرار ہو چکا ہے، ملزم کی گرفتاری کیلئے سی سی ڈی پولیس انٹرپول کے ذریعے ریڈ وارنٹ جاری کرانے کی کارروائی کر رہی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ کیس کی مختلف پہلوؤں سے تفتیش جاری ہے اور شواہد کی روشنی میں مزید گرفتاریاں بھی متوقع ہیں۔
