(لاہور نیوز) فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے چھوٹے دکانداروں کیلئے خصوصی ٹیکس طریقہ کار کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔
ایف بی آر کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق سالانہ 20 کروڑ روپے تک کاروبار کرنے والے انفرادی دکاندار سکیم سے فائدہ اٹھا سکیں گے، خصوصی طریقہ کار صرف ٹیکس سال 2026 کیلئے نافذ ہو گا جبکہ سکیم کے تحت مجموعی کاروبار پر ایک فیصد ٹیکس ادا کرنا ہو گا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ریٹرن کے ساتھ کم از کم 25 ہزار روپے نقد ٹیکس ادا کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے جبکہ ودہولڈنگ ٹیکس قابلِ ادائیگی ٹیکس سے منہا کیا جا سکے گا اور اضافی رقم واپس نہیں ہو گی۔
ایف بی آر کے مطابق اہل دکاندار آئی آر آئی ایس پورٹل، موبائل ایپ یا ٹیکس دفتر کے ذریعے رجسٹریشن کرا سکیں گے جبکہ سکیم اختیار کرنے والے دکانداروں کا عمومی طور پر آڈٹ نہیں ہو گا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق غیر معمولی لین دین یا غلط استعمال کی صورت میں محکمانہ کارروائی کی جا سکے گی جبکہ اہل دکانداروں کو پی او ایس سسٹم اور ڈیجیٹل انوائسنگ سے استثنیٰ حاصل ہو گا۔
ایف بی آر کا کہنا ہے کہ مقررہ تاریخ تک ریٹرن یا سکیم کا انتخاب نہ کرنے پر 10 ہزار سے 50 ہزار روپے تک جرمانہ ہو گا جبکہ رجسٹرڈ اہل دکانداروں کو ایف بی آر کی جانب سے کیو آر کوڈ پر مشتمل ’’گرین پلیٹ‘‘ جاری کی جائے گی۔
