(لاہور نیوز) محکمہ سکول ایجوکیشن پنجاب نے سرکاری اور نجی سکولوں کیلئے نیا مراسلہ جاری کرتے ہوئے صوبہ بھر کے تمام چیف ایگزیکٹو آفیسرز (ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹیز) کو نئی ہدایات پر فوری عملدرآمد یقینی بنانے کا حکم دے دیا۔
مراسلے کے مطابق تمام سرکاری اور نجی سکولوں میں صبح کی دعا باقاعدگی سے کرانے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ حب الوطنی کے فروغ کیلئے بزمِ ادب سمیت مختلف غیر نصابی سرگرمیوں کا انعقاد بھی لازمی قرار دیا گیا ہے۔
محکمہ سکول ایجوکیشن نے طلبہ میں قومی یکجہتی، قومی شعور اور شہری ذمہ داری کے فروغ کیلئے خصوصی سرگرمیوں اور آگاہی لیکچرز کے انعقاد کی ہدایت بھی جاری کی ہے، مراسلے میں تمام سکولوں کو "مرکۂ حق" کے موضوع پر خصوصی لیکچرز کرانے کا بھی حکم دیا گیا ہے۔
مراسلے کے مطابق نظرثانی شدہ نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کے سلسلے میں تمام سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں کو جاری کردہ ہدایات پر من و عن عمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
محکمہ نے تمام سی ای اوز (ڈی ای اے) کو ہدایت کی ہے کہ یہ مراسلہ فوری طور پر تمام سکول سربراہان تک پہنچایا جائے، جبکہ اس پر عملدرآمد کی رپورٹ بھی محکمہ سکول ایجوکیشن کو ارسال کی جائے، محکمہ نے مراسلے پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے پر زور دیا ہے۔
