(لاہور نیوز) محکمہ سکول ایجوکیشن نے گرمیوں کی تعطیلات کے دوران انگلش لینگویج پروفیشنسی کورس میں حصہ لینے والے 35 ہزار اساتذہ کو بڑا ریلیف دیتے ہوئے ان کا کنوینس الاؤنس برقرار رکھنے کا فیصلہ کر لیا۔
محکمہ کی جانب سے جاری ہدایات کے مطابق کورس میں شریک اساتذہ کے کنوینس الاؤنس میں کوئی کٹوتی نہیں کی جائے گی اور تمام اہل اساتذہ کو مکمل الاؤنس ادا کیا جائے گا۔
اس مقصد کے لیے محکمہ سکول ایجوکیشن نے تمام ضلعی ایجوکیشن اتھارٹیز کو ہدایت کی ہے کہ وہ ٹریننگ میں شریک اساتذہ کی مکمل فہرست تیار کرکے محکمہ خزانہ کو ارسال کریں تاکہ الاؤنس کی ادائیگی بروقت یقینی بنائی جا سکے۔
محکمہ نے مزید ہدایت کی ہے کہ انگلش لینگویج پروفیشنسی کورس کرنے والے تمام 35 ہزار اساتذہ کا ڈیٹا فوری طور پر محکمہ خزانہ کو بھجوایا جائے تاکہ ان کے کنوینس الاؤنس کی ادائیگی میں کوئی رکاوٹ پیش نہ آئے۔
واضح رہے کہ گرمیوں کی تعطیلات کے دوران عمومی طور پر اساتذہ کی تنخواہوں سے کنوینس الاؤنس کی کٹوتی کی جاتی ہے تاہم اس خصوصی تربیتی پروگرام میں شرکت کرنے والے اساتذہ کو اس کٹوتی سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے۔
