(لاہورنیوز) وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام نے مالی سال کے دوران پاکستان کی آئی ٹی صنعت کی برآمدات میں تاریخی کامیابی کا اعلان کرتے ہوئے بتایا ہے کہ آئی ٹی برآمدات 4.6 ارب ڈالر کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہیں، جو گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں 21 فیصد زیادہ ہیں۔
وزارت کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق انفارمیشن ٹیکنالوجی شعبے کا تجارتی سرپلس بھی بڑھ کر 85 فیصد تک پہنچ گیا ہے جس کے بعد آئی ٹی ملک کا تیز ترین ترقی کرنے والا برآمدی شعبہ بن چکا ہے۔
رپورٹ میں لکھا گیا کہ اس کامیابی میں وزیراعظم کی خصوصی توجہ، حکومتی سرپرستی اور صنعت دوست پالیسیوں نے اہم کردار ادا کیا، گزشتہ سال حکومت نے ایک لاکھ سے زائد نوجوانوں کو جدید آئی ٹی مہارتوں کی تربیت فراہم کی۔
اِسی طرح دنیا بھر میں 20 سے زائد بین الاقوامی نمائشوں میں شرکت کے ذریعے 250 سے زائد پاکستانی آئی ٹی کمپنیوں اور سٹارٹ اپس کو اپنی مصنوعات اور خدمات عالمی منڈی میں متعارف کرانے کا موقع فراہم کیا گیا۔
دوسری جانب وزرات آئی ٹی کے بیان میں کہا گیا کہ وزیراعظم کے غیر ملکی دوروں میں بھی آئی ٹی صنعت کے نمائندوں کو ساتھ لے جانے سے نئی منڈیوں تک رسائی، سرمایہ کاری کے مواقع اور بین الاقوامی کاروباری روابط کو فروغ ملا۔
حکام کا کہنا تھا کہ حکومت نے آئی ٹی برآمد کنندگان کے لیے متعدد مراعات بھی متعارف کرائیں جن میں فائنل ٹیکس رجیم کا تسلسل اور برآمدات پر 0.25 فیصد ٹیکس کی سہولت شامل ہے۔
مزید برآں وزارت کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ ان اقدامات سے آئی ٹی صنعت کی مسابقتی صلاحیت اور برآمدی استعداد میں مزید اضافہ ہوا ہے۔
