امریکی کانگریس کے وفد کا پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کا دورہ، اے آئی سسٹمز میں خصوصی دلچسپی
(لاہور نیوز) امریکی کانگریس کے دو رکنی وفد نے پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کا دورہ کیا، جہاں انہیں جدید سیکیورٹی نظام، مصنوعی ذہانت پر مبنی ٹیکنالوجی اور ایمرجنسی رسپانس سسٹمز سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
وفد میں امریکی کانگریس کے اراکین ریان زنکے اور مائیکل بامگارٹنر شامل تھے، جن کا استقبال منیجنگ ڈائریکٹر پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی محمد احسن یونس اور چیف آپریٹنگ آفیسر مستنصر فیروز نے کیا۔
دورے کے دوران وفد نے سیف سٹیز اتھارٹی کے مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا اور ادارے میں متعارف کرائی گئی جدید اے آئی اپ گریڈیشنز، سمارٹ سرویلنس سسٹمز، انٹیگریٹڈ کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر اور جدید سیکیورٹی ماڈیولز کے بارے میں آگاہی حاصل کی۔
امریکی وفد کو ایمرجنسی ہیلپ لائن 15 کے جدید فیچرز اور فوری رسپانس میکانزم پر بھی بریفنگ دی گئی، وفد نے ویمن سیفٹی ایپ، ورچوئل ویمن پولیس سٹیشن، ورچوئل سینٹر برائے چائلڈ سیفٹی اور ٹریفک مینجمنٹ سسٹم میں خصوصی دلچسپی کا اظہار کیا۔
دورے کے اختتام پر پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کی جانب سے امریکی وفد کو یادگاری شیلڈ پیش کی گئی، اس موقع پر اتھارٹی اور متعلقہ اداروں کے سینئر افسران بھی موجود تھے۔
