(لاہور نیوز) ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق پنجاب بھر میں مون سون بارشوں کا تیسرا اسپیل 27 جولائی تک جاری رہنے کا امکان ہے، جبکہ لاہور سمیت صوبے کے بیشتر اضلاع میں آج بھی بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران نورپور تھل میں 115 ملی میٹر، گوجرانوالہ 107، گجرات 94، نارووال 68، منڈی بہاؤالدین 65، سیالکوٹ ایئرپورٹ 52، اوکاڑہ 46، جوہرآباد 40 اور سرگودھا میں 38 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
اسی دوران لاہور اور منگلا میں 37، جہلم 32، شیخوپورہ 28، حافظ آباد اور قصور 27، چکوال 20، بہاولنگر 18 اور خانیوال میں 16 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جبکہ راولپنڈی، فیصل آباد، ملتان، اٹک، مری اور بہاولپور میں بھی بارش ہوئی۔
ترجمان کے مطابق لاہور میں گزشتہ پانچ روز کے دوران مجموعی طور پر 450 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔
پی ڈی ایم اے نے بتایا کہ صوبائی کنٹرول روم اور تمام ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشن سینٹرز کو الرٹ رکھا گیا ہے۔ ادارے نے خبردار کیا ہے کہ موسلا دھار بارشوں کے باعث نشیبی علاقوں میں ندی نالوں میں طغیانی جبکہ مری اور دیگر پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ موجود ہے۔
