(لاہور نیوز) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان سے امریکی کانگریس کے دو رکنی اعلیٰ سطحی وفد نے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور امریکہ کے دوطرفہ تعلقات، علاقائی سلامتی، معاشی تعاون سمیت باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
امریکی وفد میں ریپبلکن پارٹی سے تعلق رکھنے والے ریان زینکی، جو ریاست مونٹانا کی نمائندگی کرتے ہیں، اور مائیکل بومگارٹنر، جو ریاست واشنگٹن سے منتخب رکن کانگریس ہیں، شامل تھے۔ دو رکنی کانگریسی وفد خصوصی طور پر خطے کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے پاکستان کے دورے پر ہے۔
اس موقع پر گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ پاکستان علاقائی بحرانوں میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے مثبت کردار ادا کر رہا ہے اور خطے میں پائیدار امن کے قیام میں پاکستان کا کردار کلیدی اہمیت کا حامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاک فوج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے لازوال قربانیاں دی ہیں، جنہیں پوری دنیا تسلیم کرتی ہے۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان ایک مضبوط، خودمختار اور امن پسند ملک ہے اور اپنی سلامتی اور خودمختاری پر کبھی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان قدرتی وسائل سے مالا مال ہے اور امریکہ کے ساتھ اس کے دیرینہ تعلقات قائم ہیں، جنہیں مزید مستحکم بنانے کی ضرورت ہے۔
سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ موجودہ حکومت ایران اور امریکہ کے درمیان کشیدگی کے خاتمے اور امن کے قیام کے لیے سفارتی کاوشیں کر رہی ہے اور امید ہے کہ اسلام آباد کی امن کوششیں جلد مثبت نتائج دیں گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ دنیا شہباز شریف، آصف علی زرداری اور سید عاصم منیر کے امریکہ اور ایران کے درمیان ثالثی کے کردار کو تسلیم کرتی ہے۔
