لاہور سمیت پنجاب بھر میں بارش کے بعد نکاسی آب، واسا اور ستھرا پنجاب کی ٹیمیں متحرک
(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر صوبے بھر میں بارش کے بعد نکاسی آب اور صفائی کے لیے واسا اور ستھرا پنجاب کی ٹیمیں متحرک رہیں۔
حکومتی اعلامیے کے مطابق مرکزی شاہراہوں، بازاروں، مارکیٹوں اور رہائشی علاقوں سے بارشی پانی کے انخلاء اور صفائی کا عمل تیزی سے مکمل کیا گیا۔
اعلامیے کے مطابق گوجرانوالہ میں مرکزی بازاروں، سڑکوں، گلیوں اور محلوں سے بارشی پانی نکال کر صفائی مکمل کر لی گئی، جبکہ لاہور کے تمام انڈر پاسز کو کلیئر کر دیا گیا۔ فتح گڑھ اور باغبانپورہ کے مرکزی بازاروں کے ساتھ اندرونی گلیوں سے بھی پانی کی نکاسی مکمل کی گئی۔
حکومت کے مطابق کوٹ ادو اور دیگر شہروں میں بھی صفائی اور نکاسی آب کا عمل مکمل کر لیا گیا، جبکہ نارووال میں شہریوں نے مختصر وقت میں ڈوبی ہوئی سڑکوں اور بازاروں کی صفائی پر حیرت کا اظہار کیا۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ قصور میں بارش کے دوران ہی واسا کی ٹیمیں جدید سکشن مشینوں کے ذریعے متحرک رہیں۔ کچہری چوک، مشتاق کالونی، ذوالفقار ٹاؤن، قتل گڑھی، پرانا لاری اڈہ، ریلوے روڈ اور ریسکیو آفس روڈ سمیت مختلف علاقوں سے بارشی پانی نکال کر راستے ٹریفک کے لیے بحال کر دیے گئے۔
