پنجاب میں جیل ریفارمز ایجنڈے پر اہم پیشرفت، قیدیوں کیلئے "نیا آغاز پروگرام" شروع
(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے جیل ریفارمز ایجنڈے کے تحت پنجاب کی جیلوں میں قیدیوں کی بحالی اور انہیں باعزت روزگار کی فراہمی کے لیے "نیا آغاز پروگرام" کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا۔
پروگرام کے تحت رہا ہونے والے مستحق قیدیوں کو چھوٹا کاروبار شروع کرنے کے لیے دو لاکھ روپے تک کا بلاسود قرض فراہم کیا جائے گا۔
محکمہ داخلہ پنجاب اور اخوت اسلامک مائیکروفنانس کے درمیان اس حوالے سے مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کیے گئے۔ ایم او یو پر ڈی آئی جی پریزن احمد نوید گوندل اور اخوت اسلامک مائیکروفنانس کے سی ای او ڈاکٹر کامران شمس نے دستخط کیے۔
تقریب میں چیئرمین وزیراعلیٰ پنجاب ٹاسک فورس برائے جیل خانہ جات رانا منان خان، سیکرٹری داخلہ ڈاکٹر احمد جاوید قاضی، چیئرمین اخوت فاؤنڈیشن ڈاکٹر امجد ثاقب، آئی جی پریزن میاں سالک جلال، سپیشل سیکرٹری داخلہ زینب خان، سپیشل سیکرٹری داخلہ فیصل فرید، ایڈیشنل سیکرٹری پریزن رومان بورانہ، چیف کریڈٹ آفیسر شہزاد اکرم، ڈپٹی سیکرٹری تہنیت بخاری، چیف سائیکالوجسٹ پریزن سعدیہ ظفر اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔
سپیشل سیکرٹری داخلہ زینب خان نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ "نیا آغاز پروگرام" کے تحت قرض حسنہ کی واپسی 36 ماہ کی مساوی ماہانہ اقساط میں کی جائے گی، جبکہ واپس ہونے والی رقم دوبارہ فنڈ میں شامل کرکے مزید مستحق افراد کو قرض فراہم کیا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ پریژن ڈیپارٹمنٹ رہائی سے قبل قیدیوں کے طرز عمل، کردار اور دورانِ قید حاصل کی گئی فنی تربیت کی بنیاد پر اہل افراد کی جانچ کے بعد قرض کے لیے سفارش کرے گا۔ اخوت اسلامک مائیکروفنانس ممکنہ درخواست گزاروں کے لیے آگاہی سیشنز بھی منعقد کرے گا، جبکہ منصوبے کے تمام انتظامی اور آپریشنل اخراجات بھی خود برداشت کرے گا۔ اس پروگرام کے تحت محکمہ داخلہ یا پنجاب جیل خانہ جات پر کوئی مالی بوجھ نہیں پڑے گا۔
حکام کے مطابق پنجاب کی تمام جیلوں میں پہلے ہی "ہنرمند اسیر پروگرام" کے تحت قیدیوں کو 23 مختلف شعبوں میں فنی تربیت دی جا رہی ہے، جبکہ سرٹیفائیڈ ووکیشنل ٹریننگ پروگرام بھی جاری ہے تاکہ رہائی کے بعد وہ باعزت روزگار حاصل کر سکیں۔
چیئرمین وزیراعلیٰ پنجاب ٹاسک فورس برائے جیل خانہ جات رانا منان خان نے کہا کہ حکومت پنجاب قیدیوں کو معاشرے کا مفید شہری بنانے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پریژن ریفارمز وزیراعلیٰ پنجاب کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں اور جیلوں کو اصلاحی مراکز میں تبدیل کرنے کے لیے مختلف منصوبوں پر کام جاری ہے۔
چیئرمین اخوت فاؤنڈیشن ڈاکٹر امجد ثاقب نے اس موقع پر کہا کہ "نیا آغاز پروگرام" مکمل طور پر سود سے پاک ہے اور اس کا مقصد رہا ہونے والے مستحق قیدیوں کو باعزت اور خودمختار زندگی کا نیا موقع فراہم کرنا ہے۔
