(لاہور نیوز) آل پاکستان ایل پی جی انڈسٹریز فیڈریشن کے مرکزی عہدیدار حاجی نعمان نے ایل پی جی پلانٹس کو ڈی سیل کرنے کے اقدام کو خوش آئند قرار دے دیا۔
اپنے بیان میں حاجی نعمان نے کہا کہ اوگرا کی انفورسمنٹ ٹیم کے حکام سہیل طارق، سرمد اور حماد پیرزادہ کی جانب سے ایل پی جی پلانٹس اور ڈسٹری بیوٹرز کے مسائل حل کرنے کی کوششیں قابل تحسین ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اوگرا درآمدی ایل پی جی کے نرخ کے تعین کے لیے واضح طریقہ کار طے کرے، کیونکہ مقامی ایل پی جی کے جاری کردہ نرخ نامے کا اطلاق درآمدی ایل پی جی پر نہیں ہوتا۔
حاجی نعمان نے مطالبہ کیا کہ وزارت پٹرولیم فوری طور پر درآمد شدہ ایل پی جی کے نرخ نامے کے اجرا کا واضح طریقہ کار وضع کرے۔
انہوں نے کہا کہ ایل پی جی پلانٹس کی بندش، ڈسٹری بیوٹرز کی پکڑ دھکڑ اور بے جا جرمانوں کا سلسلہ فوری بند کیا جائے، ڈسٹری بیوٹرز کے مسائل پیشگی حل کیے جائیں تاکہ موسم سرما میں ایل پی جی کا بحران پیدا نہ ہو۔
مرکزی عہدیدار نے کہا کہ پیرا فورس اور مقامی انتظامیہ درآمدی ایل پی جی کے نرخ نامے پر عملدرآمد کے لیے فیڈریشن کے نمائندوں سے مشاورت کریں تاکہ ملک بھر میں ایل پی جی کی ترسیل بلا تعطل جاری رہ سکے۔
