21 Jul 2026
(لاہور نیوز) شہر کے مختلف علاقوں میں ہونے والی بارش کے باعث لیسکو کا بجلی ترسیلی نظام متاثر ہو گیا، جس کے نتیجے میں 150 سے زائد فیڈرز پر تکنیکی اور فنی خرابیاں پیدا ہو گئیں۔
لیسکو حکام کے مطابق فیڈرز میں خرابیوں کے باعث شہر کے مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی عارضی طور پر معطل ہو گئی، جس سے ہزاروں صارفین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
ترجمان لیسکو کا کہنا ہے کہ بارش کے باعث حفاظتی اقدامات کے تحت بعض مقامات پر بجلی کی سپلائی بھی بند کی گئی، متاثرہ فیڈرز کی بحالی کے لیے فیلڈ ٹیمیں متحرک ہیں۔
حکام نے بتایا کہ تکنیکی خرابیوں کو جلد از جلد دور کرکے مرحلہ وار بجلی کی فراہمی بحال کی جا رہی ہے، شہریوں سے اپیل ہے کہ خراب موسم کے دوران بجلی کی تنصیبات اور ٹوٹی ہوئی تاروں سے محفوظ فاصلہ رکھیں۔
