(لاہور نیوز) حکومت نے پاکستان کے گلوبل میڈیم ٹرم نوٹ اور انٹرنیشنل سکوک پروگرامز کے لیے عالمی بینکوں کے کنسورشیم کا اعلان کر دیا۔
وزارت خزانہ کے مطابق وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے واشنگٹن سے عالمی بینکوں کے اعلیٰ حکام سے ورچوئل ملاقات کی، جس میں عالمی سرمایہ منڈیوں میں پاکستان کی رسائی بڑھانے کے اقدامات پر بات چیت ہوئی۔
اعلامیے کے مطابق یوروبانڈ کنسورشیم میں سٹینڈرڈ چارٹرڈ، سٹی بینک، ڈوئچے بینک، ایمریٹس این بی ڈی کیپیٹل اور ایم یو ایف جی شامل ہیں جبکہ انٹرنیشنل سکوک کنسورشیم میں اسٹینڈرڈ چارٹرڈ، دبئی اسلامک بینک، سٹی بینک، ایمریٹس این بی ڈی کیپیٹل اور مشرق بینک شامل ہیں۔
وزارت خزانہ کے مطابق روپے مالیت پر مبنی ڈالر سیٹلڈ بانڈز کے لیے اسٹینڈرڈ چارٹرڈ، سٹی بینک اور ڈوئچے بینک کو منتخب کیا گیا ہے، عالمی بینکوں کے یہ کنسورشیم تین سال کے لیے مقرر کیے گئے ہیں جو پاکستان کو عالمی سرمایہ کاری تک رسائی میں معاونت فراہم کریں گے۔
حکومت ضرورت کے مطابق یوروبانڈز، سکوک اور دیگر عالمی بانڈز جاری کرے گی، وزارت خزانہ کے مطابق بہتر معاشی اشاریوں، مالیاتی نظم و ضبط اور اصلاحات کے باعث سرمایہ کاروں کا اعتماد مضبوط ہوا ہے۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ حکومت کا مقصد عالمی سرمایہ کاروں کی تعداد بڑھانا، قرض کی لاگت کم کرنا اور طویل مدتی مالیاتی بنیاد کو مضبوط بنانا ہے۔
