(لاہور نیوز) مون سون بارشوں کے دوران شہر میں صفائی اور نکاسی آب کے انتظامات کو یقینی بنانے کیلئے ستھرا پنجاب ایجنسی لاہور کی آپریشن ٹیمیں فیلڈ میں متحرک کر دی گئی ہیں۔
ڈی جی ستھرا پنجاب اتھارٹی عمر جاوید کی ہدایت پر ویسٹ کلیئرنس اور صفائی آپریشن بلا تعطل جاری ہے، بارش کے دوران اور بعد ازاں فوری نکاسی آب کو رواں رکھنے کیلئے خصوصی ٹیمیں مختلف علاقوں میں تعینات کی گئی ہیں۔
ترجمان کے مطابق شہر کی مرکزی شاہراہوں پر صفائی کے عمل کو یقینی بنانے کیلئے عملہ الرٹ ہے، جیل روڈ، مال روڈ، داتا دربار، سرکلر روڈ، ایک موریہ پل، دو موریہ پل اور میکلوڈ روڈ سمیت اہم مقامات پر خصوصی صفائی انتظامات کئے جا رہے ہیں۔
اسی طرح لکشمی چوک، شادمان مارکیٹ، گلبرگ، برکت مارکیٹ، ایوان تجارت، بیڈن روڈ بازار اور ٹیمپل روڈ پر بھی صفائی ٹیمیں موجود ہیں۔
ڈی جی ستھرا پنجاب اتھارٹی کے مطابق شہر بھر میں نصب 7 ہزار سے زائد ویسٹ کنٹینرز معمول کے مطابق کلیئر کئے جا رہے ہیں، جبکہ لوڈر رکشوں کے ذریعے گھر گھر سے ویسٹ کولیکشن کا عمل بارش کے دوران بھی جاری ہے۔
عمر جاوید کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن "ستھرا پنجاب" کے تحت صفائی ٹیمیں فیلڈ میں فعال ہیں اور نشیبی علاقوں سمیت مختلف مقامات پر بروقت نکاسی آب کے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔
