(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب کے "اپنی چھت، محفوظ چھت" پروگرام کو آغاز کے چند ہی روز میں نمایاں عوامی پذیرائی حاصل ہونا شروع ہو گئی ہے۔
پروگرام کے تحت نئی منزل کی تعمیر، گھر کی مرمت یا نئے کمرے کی تعمیر کیلئے 5 لاکھ سے 10 لاکھ روپے تک بلاسود قرضے فراہم کئے جا رہے ہیں۔
وزیر ہاؤسنگ پنجاب بلال یاسین کی زیر صدارت بلاسود قرضوں کی فراہمی اور محکمہ ہاؤسنگ اینڈ اربن ڈویلپمنٹ کے ترقیاتی منصوبوں سے متعلق جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں جاری منصوبوں پر پیش رفت سے آگاہ کیا گیا۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ پروگرام کے تحت اب تک 37 ہزار سے زائد درخواستیں موصول ہو چکی ہیں اور آئندہ دنوں میں اس تعداد میں مزید نمایاں اضافے کی توقع ہے۔
بلال یاسین کے مطابق 5 لاکھ روپے کے قرض پر تقریباً 4 ہزار 700 روپے جبکہ 10 لاکھ روپے کے قرض پر تقریباً 9 ہزار 300 روپے ماہانہ قسط ادا کرنا ہو گی، تاکہ کم آمدن والے افراد بھی آسانی سے اپنے گھروں کی تعمیر یا مرمت کر سکیں۔
انہوں نے بتایا کہ "اپنی چھت، اپنا گھر" پروگرام میں بھی درخواست گزاروں کی تعداد 13 لاکھ 36 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے، جبکہ اب تک 1 لاکھ 74 ہزار 842 افراد میں تقریباً 226 ارب روپے تقسیم کئے جا چکے ہیں۔
وزیر ہاؤسنگ پنجاب کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے گھروں کی مرمت اور رہائشی سہولیات جیسی بنیادی ضروریات کی تکمیل کیلئے بلاسود قرضوں کی منظوری دے کر عوام کیلئے آسانیاں پیدا کی ہیں، کم آمدن والے طبقے کیلئے نئی منزل یا اضافی کمرے کی تعمیر کی ماہانہ ادائیگی چند ہزار روپے تک محدود رکھی گئی ہے تاکہ یہ مالی بوجھ نہ بنے۔
بلال یاسین نے کہا کہ پنجاب حکومت عوامی فلاح، رہائشی سہولتوں اور کم لاگت ہاؤسنگ منصوبوں سے متعلق اپنے وعدوں کو عملی شکل دے رہی ہے۔
