(لاہور نیوز) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ نورین نیازی کا حالیہ بیان اپنے بھائی کی سوچ کی عکاسی کرتا ہے اور ان کے بقول اس خاندان کو پاکستان کی ہر کامیابی سے تکلیف ہوتی ہے۔
صوبائی دارالحکومت سے جاری اپنے بیان میں عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ پوری دنیا نے تسلیم کیا کہ پاکستان نے معرکۂ حق میں بھارت کو عبرتناک شکست دی، ایسے میں نورین نیازی کی جانب سے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے حق میں بات کرنا شرمناک اور قابلِ مذمت ہے۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی اور ان کی تینوں بہنیں یا تو خود کو دنیا کی عقلِ کل سمجھتی ہیں یا پھر ان کا طرزِ عمل انتہائی غیر سنجیدہ ہے۔
وزیر اطلاعات پنجاب کا کہنا تھا کہ معرکۂ حق میں افواجِ پاکستان اور پاک فضائیہ کے شاہینوں نے تاریخی کارنامے انجام دیے، جن پر پوری قوم کو فخر ہے، اور ہر پاکستانی اپنی بہادر افواج کی قربانیوں اور کامیابیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔
عظمیٰ بخاری نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی اور ان کی فیملی کی جانب سے پاکستان کے لیے کبھی کوئی مثبت کردار سامنے نہیں آیا۔
