(ویب ڈیسک) پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ حنا دلپذیر نے کہا ہے کہ وہ کبھی دوسری شادی کے خلاف نہیں رہیں، تاہم دوبارہ شادی ان کی قسمت میں نہیں تھی۔
ایک حالیہ پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے حنا دلپذیر نے اپنی ذاتی زندگی سے متعلق کھل کر اظہارِ خیال کیا، ان کی 24 برس کی عمر میں طلاق ہوگئی تھی، جس کے بعد انہوں نے بطور سنگل مدر اپنے بیٹے کی تنہا پرورش کی۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ ان کے نزدیک گھر اور خاندان کی ہمیشہ بہت اہمیت رہی ہے، لیکن اگر دو افراد ایک ساتھ خوشگوار زندگی نہ گزار سکیں تو بہتر ہے کہ وہ باہمی احترام کے ساتھ علیحدگی اختیار کر لیں۔
انہوں نے کہا کہ ہر شخص کی قسمت میں روایتی خاندانی زندگی نہیں لکھی ہوتی، اس لیے انسان کو اپنی زندگی کے حالات کو قبول کرتے ہوئے آگے بڑھنا چاہیے۔
دوسری شادی کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے حنا دلپذیر نے کہا کہ میں دوبارہ شادی کے خلاف کبھی نہیں تھی، لیکن یہ میری قسمت میں نہیں تھی، انسان کو خود ترسی کا شکار ہونے کے بجائے حوصلے اور وقار کے ساتھ اپنی زندگی گزارنی چاہیے۔
سنگل والدین کو مشورہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر اللہ تعالیٰ نے کسی کو کسی خاص صورت حال میں رکھا ہے تو اس پر صبر اور اعتماد کے ساتھ آگے بڑھنا چاہیے، کیونکہ اللہ تعالیٰ ہر حال میں اپنے بندوں کا ساتھ دیتے ہیں۔
حنا دلپذیر نے اپنی مثال دیتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے اپنے بیٹے کی تنہا پرورش کی، جو اب اپنی ازدواجی زندگی خوش اسلوبی سے گزار رہا ہے، مشکلات کے باوجود مثبت سوچ اور ثابت قدمی انسان کو زندگی میں آگے بڑھنے کا حوصلہ دیتی ہے۔
